بھگت سنگھ کی برسی پر پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کا مظاہرہ

 نعمان ندیم (لاہور) : گزشتہ روز بروز جمعرات شام 4 بجے بھگت سنگھ کی شہادت کے موقع پر پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کی طرف سے شادمان چوک میں مظاہرہ کیا گیا جس میں متعدد افراد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق احتجاج میں مطالبہ کیا گیا کے شادمان چوک کا نام تبدیل کر کے بھگت سنگھ چوک رکھا جائے۔ جس مقام پر بھگت سنگھ کو انکے ساتھیوں سمیت انگریز سامراج کے خلاف مزاحمت کرنے پر سزا دی گئی۔ یہ مظاہرہ ہر سال پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کی طرف سے منعقد کیا جاتا ہے جس میں کئی سیاسی و سماجی تنظیمیں بھی شرکت کرتی ہیں۔ اس دفعہ بھی مظاہرے میں متعدد افراد نے شرکت کی۔

 

مظاہرے سے گفتگو کرتے ہوئے پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے سابقہ نائب صدر علی رضا کا کہنا تھا کہ جب بھی ہم بھگت سنگھ کے لیے مظاہرہ منعقد کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ آپ غیر مسلم کے لیے احتجاج کیوں کرتے ہیں، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس دنیا کا ہر مظلوم، ہر مزاحمتی اور ہر انقلابی ہمارا دوست ہے، ہمارا ساتھی ہے چاہے وہ کسی قوم، کسی ملک، کسی علاقے، کسی مذہب سے ہو۔ اور اس دنیا کا ہر ظالم ہمارا دشمن ہے چاہے وہ ہمارا محلے دار ہو، ہمارا ہم مذہب ہو، ہمارا ہم ملک ہو۔

آخر میں معروف پنجابی شاعر بابا نجمی نے اپنا کلام پیش کیا جس نے ماحول کو گرما دیا۔