پختونخواہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور یونیورسٹی کے جنرل سیکریٹری ریاض وزیر اغواء کے بعد قتل
رپورٹ: علی رضا
طالب علم رہنما اور پی ٹی ایم کے رکن ریاض وزیر کو جمعرات کے روز نامعلوم افراد نے اغواء کے بعد جنوبی وزیرستان میں قتل کر دیا۔
ریاض وزیر نے یونیورسٹی آف پشاور سے پشتو ادب میں ماسٹر کر رکھا تھا اور اب وہ یونیورسٹی آف پشاور سے ہی فلسفہ میں ماسٹرز کر رہے تھے وہ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رکن تھے اور اس کی ذیلی طلبہ تنظیم پختونخواہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے جنرل سیکریٹری بھی رہے چکے تھے تاہم اس وقت وہ پشتون تحفظ موومنٹ کو زیادہ وقت دے رہے تھے۔
بدھ کے روز انھیں اغواء کیا گیا تھا جس کے بعد ان کی لاش جعمرات کی شام جنوبی وزیرستان کے قصبہ غواخہ سے ملی۔
پولیس کے مطابق فی الحال قتل کے متعلق یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم بظاہر یہ واقع ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے
ملک بھر کی طلبہ تنظیموں نے ریاض وزیر کے قتل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن یونیورسٹی آف پشاور کے جنرل سیکرٹری ملک حسنین نے سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے کہا میں ریاض وزیر کے قتل کی خبر سن کر صدمے میں ہوں وہ ایک اچھے انسان اور طالب علموں کے حقوق کے لیے موثر آواز تھے میں ذاتی اور اپنی تنظیم کی جانب سے ریاض وزیر کے قتل کی مذمت کرتا ہو
طلبہ تنظیم پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے رہنما رائے علی آفتاب نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے انھوں نے کہا پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو ریاض وزیر کے قتل کی مذمت کرتی ہے ہمارے لیے یہ واقعہ نہیں سانحہ ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد ہمارے طالب علم ساتھی ریاض وزیر کے سفاک قاتلوں کی نشاندہی کر کے انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے
The Students’ Herald News Desk focuses on reporting the latest news regarding student politics and campus updates to you.
The News Desk can be reached at [email protected]