رپورٹ: انضمام میراج
گزشتہ ایک ہفتہ سے پنجاب یونیورسٹی سٹوڈنٹس فیڈریشن نے طلبہ پر درج مقدمات کے خاتمے، بلوچستان اور فاٹا کے طلبہ کے کوٹہ اور سکالرشپس کی بحالی اور کیمپس و ہاسٹلز کو کھولنے کے حق میں پنجاب یونیورسٹی کے سامنے دھرنا دے رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور فاٹا کے طلبہ کی کوٹہ سیٹوں میں تقریباً اسی فیصد کمی کردی گئی ہے۔ جس کو لے کر طلبہ نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا ہے۔ جس پہ حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اس حوالے سے پنجاب یونیورسٹی سٹوڈنٹس نے یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 1 کے سامنے دھرنا دیا ہوا ہے۔
سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے کنوینر مزمل خان نے سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پچھلے کئی ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں مگر مقتدرہ کے کان پہ جوں تک نہیں رینگ رہی۔ اپنے مطالبات کے بارے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پہلے بلوچستان اور فاٹا کے طلبہ کی کوٹہ سیٹوں اور انکی سکالرشپس کو جہاں ہم بڑھانے کی بات کررہے تھے وہاں انھیں مزید تقریباً 80 فیصد کم کردیا گیا ہے۔اسکے علاؤہ حال ہی میں یونیورسٹیاں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے مگر یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے ہاسٹلز مکمل طور پہ نہیں کھولے جارہے۔ اگر کوئی ہاسٹل کھولا جاتا ہے تو ایک طرف طلبہ کو ہاسٹل سے باہر نکلنے سے منع کیا جاتا ہے اور دوسری طرف انھیں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ ہاسٹلز کی کنٹین سے کچھ نہیں کھا سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کچھ طلبہ پر دو سال قبل مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جس کو ابھی تک ختم نہیں کیا گیا انکا مطالبہ ہے کہ اس مقدمہ کو فی الفور ختم کیا جائے۔اور جامعات و ہاسٹلز کو مکمل طور پہ کھولا جائے۔
اس حوالے سے ہم نے جب پروگریسو سٹوڈنٹس کلیکٹو کے رہنما محسن ابدالی سے جو کہ خود بھی وہی موجود تھے سے بات کی تو انکا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کا بدترین استحصال کیا جارہا ہے۔ ایک طرف انھیں انکا جائز حق نہیں دیا جاتا تو دوسری طرف انکے خلاف مقدمات قائم کرکے انھیں ڈرایا دھمکایا جاتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ جہاں فاٹا و بلوچستان کے طلبہ کی کوٹہ سیٹوں کو بڑھانا چاہیے وہاں انھیں مزید کم کرنا ان طلبہ کو تعلیم سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔ مزید انھوں نے کہا کہ پروگریسو سٹوڈنٹس کلیکٹو طلبہ کے ساتھ مکمل طور پہ کھڑی ہے اور جب تک انکے مطالبات منظور نا کیے گئے وہ تب تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
انضمام میراج اوکاڑہ یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ریلیشنز کے طالب علم ہیں اور سٹوڈنٹس ہیرالڈ کے ادارتی بورڈ کے رکن ہیں۔