|

پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈر اسٹڈیز کے طالب علم عمار رانا کو کیمپس میں دن دہاڑے قتل کر دیا گیا۔

رپورٹ: عمیر علی

لاہور: پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈر اسٹڈیز کے طالب علم عمار رانا کو کیمپس میں دن دہاڑے قتل کر دیا گیا۔

مؤرخہ 5 دسمبر، پنجاب یونیورسٹی لاہور کے شعبہ جینڈر اسٹڈیز کے طالب علم عمار رانا کو دن دہاڑے نا معلوم افراد کی جانب سے تین گولیاں مار کر کیمپس میں قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عمار رانا پنجاب یونیورسٹی لاہور میں شعبہ جینڈر اسٹڈیز کے طالب علم تھے جنہیں دن کی روشنی میں نا معلوم افراد نے عینی شاہدین کی موجودگی میں تین گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس اس قتل کے شواہد موجود نہیں ہیں۔

دی سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے طلبہ نے غم و غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دن دہاڑے کسی طالب علم کا یوں قتل ہو جانا اور قاتلوں کا بآسانی فرار ہو جانا انتظامیہ کی بڑی نا اہلی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں ایک طالبہ کی نعش پائی گئی تھی جسے مبینہ طور پر خودکشی کا واقعہ قرار دیا گیا تھا مگر بعد ازاں نہ تو تحقیقات کرائی گئیں جبکہ اس کا مطالبہ کرنے والے طلبہ کو الٹا حراساں کیا گیا۔

پروگریسیو اسٹوڈنٹس کولیکٹیو کے مرکزی ترجمان علی عبداللہ خان نے واقعے پر کہا کہ ہم پنجاب یونیورسٹی میں طالب علم کے قتل اور انتظامیہ کی اس پر تردید کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کی حفاظت میں مکمل ناکام نظر آتی ہے اور اپنی نا اہلی سے انکاری ہے اور ایسے واقعات پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میں اسلحہ گردی کا کلچر ختم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پروگریسیو اسٹوڈنٹس کولیکٹیو واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار تحقیقات سے ہی انصاف ممکن ہے۔ انہوں نے اس امر پر روز دیا کہ جلد از جلد قاتلوں کو قانون کی مطابق سزا دی جائے اور طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

Similar Posts