سوپیریر یونیورسٹی میں پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کی قیادت میں طلبہ کا احتجاج

لاہور (عمیر علی) : مورخہ 9 مئی بروز منگل کو لاہور میں سوپیریر یونیورسٹی میں پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کی قیادت میں انتظامیہ کی جانب سے ایڈوانس سیمسٹر فیس جمع کرنے کے مطالبے کے خلاف طلبہ نے احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق سوپیریر یونیورسٹی میں طلبہ کے سمیسٹر امتحانات جاری تھے کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اچانک سے ایڈوانس فیس جمع کروانے کا مطالبہ کردیا۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ موجود سیمسٹر کی فیس جمع کروا چکے ہیں لیکن انتظامیہ انہیں رول نمبر سلپ نہیں دے رہی، انہیں امتحان میں بیٹھنے نہیں دے رہی اور اُن پر ایڈوانس فیس جمع کروانے کے لیے دباؤ ڈالا رہی ہے۔ طلبہ کے مطابق بعض طالب علموں نے گزشتہ روز احتجاج کیا تھا مگر یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ان کے مطالبات سننے کے بجائے انہیں ڈرایا دھمکایا تھا۔

اس حوالے سے دی سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کے مرکزی نائب صدر اور سوپیریر یونیورسٹی کے طالب علم حماد خان نے بتایا کہ کل اور آج ہونے والے احتجاج کے بعد انتظامیہ طلبہ کو ڈرانے دھمکانے میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے انتظامیہ کو مسائل حل کرنے کے لیے کل رات تک کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ پہلے سے سیمسٹر فیس ادا کر چکے ہیں، انہیں ایڈوانس فیس ادا کرنے پر مجبور کرنا ظالمانہ طریقہ کار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ طلبہ کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنے اور ان کا سد باب کرے، طلبہ کے لیے تعلیم کو مشکل نہ بنایا جائے۔

Similar Posts