اسلامی جمیعت طلبہ نے پنجاب یونیورسٹی کا طالب علم اغوا کرلیا

رپورٹ : ہمنہ سحر

آج پنجاب یونیورسٹی لاہور سے بی ایس سوشیالوجی کے طالب علم عزیر ہنجرہ کو ہاسٹل نمبر 15 سے اسلامی جمیعت طلبہ کی جانب سے اغوا کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کونسل کے طلبہ پر تشدد کے واقعے کے بعد آج عزیر ہنجرہ کو جس کا تعلق پنجاب کونسل سے ہے اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی کا طالب علم ہے، ہاسٹل نمبر 15 سے اسلامی جمعیت طلبہ کے لوگ زبردستی اٹھا کر لے گئے۔

اس سلسلے کے متعلق پنجاب کونسل کے مرکزی اورگنائزر ملک عدنان اعوان نے سٹوڈنٹ ہیرالڈ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب عزیر ہنجرہ کو جمعیت کے غنڈوں نے اغواہ کیا تو ہم نے یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس سے رابطہ کیا مگر نہ تو یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ہماری بات سنی اور نہ ہی پولیس کی جانب سے تسلی بخش جواب ملا ہے۔انہوں مزید کہا کہ جب بھی جمعیت کے غنڈے اس طرح کا عمل کرتے ہیں تو یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہوتی۔ ہم صرف انصاف کی مانگ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی جمیعت طلبہ کے اغوا اور ان کو ہراساں کرنےکے واقعات میں ملوث پائی گئی ہے۔ حال ہی میں جامعہ پنجاب کی ہی جنڈر اسٹڈیز کی ایک طالبہ کو جمعیت کے ناظم اور اس کے سہولت کاروں کی طرف سے اغوا اور ہراساں کیا گیا تھا۔

اسی سلسلے میں ہم نے پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کے مرکزی صدر قیصر جاوید سے بھی بات کی تو انھوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت ہی افسوس ناک بات ہے کہ جمعیت کے غنڈے اس طرح طلبہ کو اغوا کر رہے ہیں۔افسوس کہ پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ اس عمل پر خاموش ہے ،جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عزیر ہنجرہ کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے ۔

Similar Posts