بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے طالب علم ریاض خان کی خودکشی

بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ نفسیات کے تیسرے سمسٹر کے طالب علم ریاض خان نے ابو بکر ہال کے کمرہ نمبر 6B میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی ہے۔ طالب علم ریاض خان کا تعلق بلوچستان کے شہر دُکی سے تھا۔

اس واقعے کی بنیادی وجوہات تو ابھی تک سامنے نہیں آسکیں ہیں لیکن پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

 بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے دی اسٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ مختلف طریقوں سے طلبہ کو ذہنی طور پر پریشان کرتی ہے۔ انتظامیہ کے رویے سے تنگ آکر دو سال پہلے بھی گیلانی لاء کالج کے ایک طالب علم نے خودکشی کی تھی۔

اس دردناک واقعے کے حوالے سے پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کے سیکرٹری جنرل اقبال خان نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیاں گھٹن زدہ اڈوں میں تبدیل ہو چکی ہیں جہاں طلبہ کے سوالات اور مسئلوں کو سمجھنے کے بجائے ان کی آواز کو دبایا جاتا ہے۔طلبہ سمسٹر فیس کی مد میں ہزاروں روپے ہیلتھ چارجز کی شکل میں ادا کرتے ہیں مگر جب ان کو نفسیاتی مدد کی ضرورت ہوتی ہے تو کوئی ڈاکٹر یا ماہرِ نفسیات نہیں ملتا۔

آخر میں انہوں نے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرنے کے ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ کو اس خودکشی کا زمہ دار ٹھہرایا۔