ملتان /عمارشہزاد
آج مورخہ 8 ستمبر کو بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں سٹوڈنٹس ہیرلڈ کے مدیرِ اعلی جودت سید پر اسلامی جمیعت طلبہ کی جانب سے تشدد کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق آج دوپہر جب جودت سید اپنے گھر سے معمول کے مطابق یونیورسٹی پہنچے تو وہاں جمیعت کے ارکان گھات لگائے بیٹھے تھے اور ڈیڑھ بجے ان پر دھاوا بول دیا۔
جودت سید کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ کے کارندے ناظم حارث بلوچ کی قیادت میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے میس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے باہر ان کا انتظار کر رہے تھے جیسے ہی وہ اپنی کلاس سے فارغ ہو کر باہر نکلے تو ان کا گھیراؤ کر کے تشدد کیا گیا۔
جودت سید کا تعلق بہاءالدین یونیورسٹی سے ہے اور وہ سٹوڈنٹس ہیرلڈ میں بطور مدیر اعلی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اس واقعے کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے صدر قیصر جاوید نے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کیوں ہے کہ جمیعت کے طلبہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ہونے والی پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث پائے جاتے ہیں اور اس کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو تی۔ انھوں نے ملک بھر میں اسلامی جمیعت طلبہ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ اور یونیورسٹی انتظامیہ سے جلد از جلد ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے۔