رپورٹ: ہمنہ سحر
مورخہ 6 ستمبر کو پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو اوکاڑہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی مد میں آرٹ کونسل اوکاڑہ میں آرٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اس فیسٹیول میں پینٹنگز اور خطاطی کی نمائش کے ساتھ ساتھ آرٹ کی اہمیت اور تاریخ میں آرٹ کے ارتقائی اور انقلابی کردار پر ایک نشست کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں آرٹسٹ تحریم میلا، عبدالرحمن اور لمز یونیورسٹی سے پروفیسر سارہ کاظمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
جس میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے طالب علموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے آرٹ کے تاریخی کردار اور موجودہ دور میں رجعت پسندی کے خلاف جدوجہد میں آرٹ کے کردار پر بات کی اور طلبہ کو آرٹ کیساتھ جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے آخر میں فائن آرٹس کے طلبہ کی جانب سے نمائش کے لیے لائی گئی پینٹنگز کو مہمان خصوصی کو دکھایا گیا جس پر انھوں نے طلبہ کے کام کو سراہا۔
اس حوالے سے دی سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو اوکاڑہ کے صدر عمار شہزاد کا کہنا تھا کہ استعماری قوتوں کے خلاف جدوجہد میں آرٹ کا ہمیشہ ہی ایک کلیدی کردار رہا ہے،طلبہ کی جدوجہد آگے بڑھانے کے لیے انھیں آرٹ کے ساتھ جوڑنا بہت ضروری ہے۔
ہماری جانب سے پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے مرکزی صدر قیصر جاوید سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا بائیں بازو کی جانب سے ہمیشہ آرٹ اور فنون لطیفہ کو اہمیت دی گئی ہے، انھوں نے کامیاب تقریب کروانے پر پی ایس سی اوکاڑہ کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں ہمیں اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کے لیے جدید آرٹ کے رجحانات کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔