ملتان (عمیر علی) : مؤرخہ 27 اگست، بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کا طالب علم اپنے چھوٹے بھائی سمیت ایک ہفتے سے گمشدہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق گمشدہ ہونے والے طالبعلموں کے بڑے بھائی اویس داوڑ جو خود پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی، راولپنڈی میں ایم فل کے طالب علم ہیں، انہوں نے بتایا ہے کہ وہ تحصیل میر علی گاؤں موسکی شمالی کے رہائشی ہیں۔ 20 اگست کی شام ان کے دونوں بھائیوں محمد ریحان جس کی عمر 20 سال ہے اور وہ بہاوالدین زکریا یونیورسٹی، ملتان میں شعبہ فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا طالب علم ہے جبکہ محمد زکریا جس کی عمر 17 سال ہے وہ ایرڈ یونیورسٹی، راولپنڈی کے طالب علم ہے کو سیکیورٹی فورسز کے کچھ اہلکاروں کی جانب سے تفتیش کا کہہ کر گھر سے اٹھا لیا گیا تھا۔
اب تک گھر والوں کو نہیں پتا چل رہا کہ وہ کس کی حراست میں ہیں اور کہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے کسی فرد یا ان کے بھائیوں کا کسی قسم کی سیاسی یا منفی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دونوں بھائی نہایت شریف اور کم عمر طالب علم ہیں۔ اویس داوڑ نے کہا کہ ان کے والد گزشتہ بیس سالوں سے کاروبار کے سلسلے میں ملتان آتے جاتے رہتے ہیں۔ انہوں بھائیوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں جب پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کی مرکزی صدر ورثہ پیرزادو سے بات کی گئی تو انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جبری گمشدگیوں کی پر زور مذمت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ طلبہ کی بازیابی کا مطالبہ کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست جبر کرنا بند کردے اور گمشدگیوں کا سلسلہ ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو ریاستی جبر کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔